نئی دہلی25جون(آئی این ایس انڈیا)ایمرجنسی کے سیاہ دنوں کی یاد دلانے کیلئے مودی حکومت کے قریب پچاس وزراء اتوار کو پورے ملک میں الگ الگ جگہوں پرپروگرام کریں گے۔ایمرجنسی نافذ کرنے کے41سال پورے ہو رہے ہیں۔یہ وزراء ایمرجنسی کے خلاف ہونے والے ان پروگراموں میں کانگریس پر جمہوریت سے کھلواڑ کرنے کے لئے حملے بولیں گے اور ایمرجنسی کے خلاف کئی جگہ ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیں گے۔لوگوں کو یاد دلایا جائے گا کہ کس طرح ایمرجنسی کے دوران لوگوں کی آزادی چھین لی گئی تھی اور ہزاروں لیڈروں کو جیلوں میں 19ماہ کیلئے ٹھونس دیا گیا تھا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بی جے پی پارلیمانی بورڈکی میٹنگ میں کہا تھا کہ ایمرجنسی کے بارے میں نئی نسل کو بتانا ضروری ہے۔الگ الگ شہروں میں 49وزراء کے پروگرام طے کئے گئے ہیں۔ان میں یوپی انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے سب سے زیادہ نو وزیر وہاں رہیں گے۔17کابینی، 11وزراء آزادانہ چارج اور 21 وزراء مملکت کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ رانچی،شہری ترقیات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو بینگلورو، منوہر پاریکر کٹک، سریش پربھو چندی گڑھ، روی شنکر پرساد رائے پوراور جے پی نڈڈا پریا میں رہیں گے۔اتر پردیش میں پیوش گوئل رائے بریلی، وی کے سنگھ سہارنپور، مہیش شرما آگرہ، سنتوش گگوال بریلی، مختار عباس نقوی لکھنؤ، سنجیو بالیان میرٹھ اور سادھوی نرنجن جیوتی علی گڑھ میں رہیں گے۔